Health Tips – ناخن سے بیماری کی پہچان

0
202
What Your Nails Say About Your Health

What Your Nails Say About Your Health

دل اور جگر کی بیماریوں کی شناخت بھی ناخنوں کی ساخت اور ان کی رنگت سے لگانا ممکن ہے

لاہور (روزنامہ دنیا ) کیا آپ جانتے ہیں کہ ناخن صحت کے بارے میں اشاروں اشاروں میں کچھ بتانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ ایک خاص قسم کی پروٹین سے بنے ناخن ہمارے ہاتھوں اور پائوں کی انگلیوں کے آخری کناروں کے محافظوں کا کام کرتے ہیں ۔ ناخن کے ہونے یا نہ ہونے سے کیا فرق پڑتا ہے یہ کسی ایسے انسان سے پوچھیں جس کی انگلی کا ناخن والا حصہ کسی وجہ سے نہ رہا ہو ۔

انسانوں کے لیے ناخنوں کی اہمیت وہی ہے جو جانوروں کے لیے ان کے پنجوں کی ۔ ناخنوں میں چھوٹے چھوٹے گڑھے ان افراد میں عام ہوتے ہیں جنہیں خارش کی طرح کی بیماری psoriasis ہوتی ہے ۔ اس میں جلد چھلکے کی طرح اترتی ہے ۔ بعض اوقات ناخن بڑھنے کے بعد نیچے کی جانب ٹیڑھے ہوجاتے ہیں ۔ یہ مخروطی شکل اختیار کرتے ہیں ۔ اس کی ایک وجہ خون میں آکسیجن کی کمی ہوتی ہے ، اور یہ ٹیڑھا پن پھیپھڑوں کی بیماریوں کی علامت بھی ہو سکتی ہے ۔ اس ٹیڑھے پن کو دل اور جگر کی بیماریوں سے بھی جوڑا جاتا ہے ۔ بعض اوقات ناخن نرم ہوکر ایسی شکل اختیار کر لیتے ہیں جیسے چمچ ۔ وہ درمیان سے دھنسے ہوئے لگتے ہیں ۔ کسی لیکوئڈ میں اگر ناخن زیادہ وقت رہیں تو وہ نرم ہوجاتے ہیں۔ لیکن ایسا نہ ہو تو ناخن فولاد کی کمی سے پیدا شدہ انیمیا کا عندیہ دے رہے ہوتے ہیں۔

اس کی وجہ جگر کی ایک حالت بھی ہوسکتی ہے جسےhemochromatosis کہتے ہیں۔ اس میں جسم خوراک سے بہت زیادہ فولاد جذب کرنا شروع کردیتا ہے۔ دل کی بیماری میں بھی ناخن چمچ نما شکل اختیار کرسکتے ہیں ۔ جب ناخن بڑھتے ہیں تو اضافی حصہ سفید ہوجاتا ہے ۔ لیکن بعض اوقات اس سفید حصے سے قبل ایک چھوٹا سا حصہ گلابی رِنگ جیسا بن جاتا ہے ۔ عمر کے بڑھنے کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے لیکن یہ جگر ، ذیابیطس اور گردوں کے ناکارہ ہونے کی علامت ہوسکتی ہے ۔ کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ اچانک کسی انگلی کے ناخن پر سفید نشان ظاہر ہونے لگتا ہے۔شروع میں یہ سمجھ کر کہ کوئی سفید شے ناخن کی بیرونی سطح پر چپک گئی ہے اسے رگڑ کر ختم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ ناخنوں پر ظاہر ہونے والے سفید نشانات (Leukonychia)لیوکونشیا کی وجہ سے ہوتے ہیں ۔

واضح رہے کہ لیوکونشیا نہ تو کوئی بیماری ہے اور نہ ہی اس کی وجہ غذائیت کی کمی ہے ۔ Leukonychia دو یونانی الفاظ Leuko یعنی سفید اور nychia یعنی ناخن سے مل کر بنا ہے ۔ لیو کونشیا کی بنیادی وجہ ناخن کی جڑ یعنی جلد کے اندر موجود حصے کو پہنچنے والی کوئی ضرب ہوتی ہے ۔ اس طرح کی ضرب لگنے کے بعد جلد کے اندر موجود ناخن پر اس کے اثرات تو فوراً ظاہر ہو جاتے ہیں مگر اس وقت تک نظر نہیں آتے جب تک ضرب والی جگہ جلد سے باہر نہیں آجاتی ۔ اس کے بعد نہ تو رگڑنے سے ، نہ مرہم لگانے سے اور نہ ہی کوئی دوائی کھانے سے لیو کو نشیا کے نشانات دور ہوتے ہیں۔ ان کے دور ہونے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ناخن کے جس حصے کو جلد کے اندر ضرب لگی ہوتی ہے جب وہ حصہ جلد سے اپنا تعلق توڑ کر کَٹ جاتا تو سفید نشان بھی غائب ہو جاتا ہے۔

اس لیے جب کبھی ہاتھ یا پائوں کی کسی ایک یا دو انگلیوں کے ناخنوں پر اس طرح کے نشانات ظاہر ہوں تو قطعاًگھبرانے کی ضرورت نہیں۔ مگر یہ سفید نشان ظاہر ہونے کی ایک صورت ایسی بھی ہے کہ ان کے ظہور پر کسی تاخیر کے بغیر فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ اگر کسی کے جلد کے اندر موجود ناخن پر ضرب لگتی ہے تو ایسا ایک یا زیادہ سے زیادہ دو انگلیوں کے ناخنوں کے ساتھ ہو سکتا ہے۔ اگر یہ سفید نشانات ہاتھوں یا پائوں کی تمام انگلیوں کے ناخنوں پر ایک ساتھ ظاہر ہوں تو پھر اس کی وجہ بہت سادہ سے بہت پیچیدہ تک کچھ بھی ہو سکتی ہے۔ اگر ہاتھوں اور پائوں کی تمام یا بہت زیادہ انگلیوں پر ایک ساتھ سفید نشان ظاہر ہو جائیں تو کسی بھی تاخیر کے بغیر فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے ۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here